ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 'کیا تحریک عدم اعتماد میں راہل گاندھی کے شامل ہونے سے ڈر رہے ہیں پی ایم مودی' کانگریس کا مرکز پر طنز

'کیا تحریک عدم اعتماد میں راہل گاندھی کے شامل ہونے سے ڈر رہے ہیں پی ایم مودی' کانگریس کا مرکز پر طنز

Sun, 06 Aug 2023 10:48:35    S.O. News Service

نئی دہلی، 6/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس نے راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت بحال نہیں ہونے پر ہفتہ کے روز ایک بار پھر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ راہل گاندھی کی نامناسب سزا پر روک لگائے ہوئے 26 گھنٹے گزر چکے ہیں، لیکن ان کی رکنیت بحال نہیں کی گئی ہے۔ پھر یہ سوال پوچھا کہ کیا وزیر اعظم نریندر مودی تحریک عدم اعتماد میں راہل گاندھی کے شامل ہونے سے ڈر رہے ہیں؟

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ "سورت کی سیشن کورٹ کے ذریعہ راہل گاندھی کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے 26 گھنٹے بعد رکن پارلیمنٹ کے طور پر ان کی نااہلی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔ لیکن سپریم کورٹ کے ذریعہ ان کی پوری طرح سے نامناسب سزا پر روک لگائے ہوئے 26 گھنٹے گزر چکے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کی شکل میں ان کا عہدہ ابھی تک بحال کیوں نہیں کیا گیا؟" ساتھ ہی انھوں نے پوچھا کہ "کیا پی ایم نریندر مودی تحریک عدم اعتماد میں راہل گاندھی کے شامل ہونے سے ڈر رہے ہیں؟"

جئے رام رمیش کا یہ بیان مودی سرنیم تبصرہ معاملے میں ان کی سزا پر سپریم کورٹ کے ذریعہ روک لگائے جانے کے ایک دن بعد بھی لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ راہل گاندھی کی رکنیت بحال نہیں کرنے کے مدنظر آیا ہے۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی کو بڑی راحت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے اس سزا پر روک لگا دی جس کے سبب کانگریس لیڈر کی لوک سبھا رکنیت چلی گئی تھی، اور کہا کہ اس معاملے میں دو سال کی زیادہ سے زیادہ سزا دینے کے لیے ٹرائل جج کے ذریعہ کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔


Share: